نئی دہلی، 06 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تلنگانہ کے نظام آباد میں بی جے پی صدر امت شاہ نے بالاکوٹ ایئر اسٹرائک پر سوال اٹھانے والے لیڈروں پر جم کر حملہ کیا۔امت شاہ نے کہا کہ پاکستان یا دہشت گرد ثبوت نہیں مانگ رہے بلکہ راہل گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو جیسے لیڈر ثبوت مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں ملک کے ساتھ کھڑے رہنے کی جگہ یہ لیڈر اس طرح کی بیان بازی کر رہے ہیں، جس سے پاکستان کے اندر خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا کہ چندرا بابو آپ کیا ثبوت مانگ رہے ہو 'شرم کرو... شرم کرو۔ انہوں نے کانگریس صدر راہل گاندھی پر طنز کستے ہوئے کہاکہ ثبوت دہشت گرد نہیں مانگ رہے راہل بابا۔آپ ثبوت مانگ رہے ہو۔بحران کی اس گھڑی میں ملک کے ساتھ کھڑے رہنے کی جگہ اس قسم باتیں کرتے ہیں، جس سے پاکستان کے اندر خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پہلی بار پاکستان کو لگتا ہے کہ دہشت گرد نہیں چلے گا۔کچھ بھی کریں گے وہاں سے جواب ملنے والا ہے۔ہماری حکومت نے فوج کو کھلی چھوٹ دی ہے کہ وہاں سے گولی آتی ہے تو گولی کا جواب گولوں سے دیا جائے اور اینٹوں کا جواب پتھر سے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی جی نے دنیا میں ملک کا احترام بڑھانے کا کام کیا ہے۔اس کے پہلے دنیا میں دو ہی ملک تھے جو اپنے فوج کے جوانوں کا بدلہ لینا چاہتے تھے۔امریکہ اور اسرائیل۔نریندر مودی جی نے ایئر اسٹرائک کرکے دو ممالک کی فہرست میں تیسرا نام عظیم ہندوستان کا اضافہ کرنے کا کام بھارتی جنتا پارٹی کے لیڈر نے کیا ہے۔میں مانتا ہوں، آج پوری دنیا مانتی ہے، کہ مودی جی کی قیادت میں ہندوستان محفوظ اور میں مانتا ہوں کہ ہندوستان جیسے بڑے ملک کو تحفظ دینے کا اگر کسی میں دم خم ہے تو اکیلے نریندر مودی جی میں ہے اور کسی میں نہیں۔بتا دیں کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، آپ لیڈر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے تمام لیڈر آپریشن بالاکوٹ کے ثبوت مانگ رہے ہیں۔